ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منشیات کی روک تھام کیلئے محکمۂ پولیس پوری طرح مستعد: پرمیشور

منشیات کی روک تھام کیلئے محکمۂ پولیس پوری طرح مستعد: پرمیشور

Wed, 14 Jun 2017 10:54:52    S.O. News Service

بنگلورو،13؍جون(ایس او نیوز) ریاست بھر میں منشیات کی روک تھام کیلئے پولیس فورس میں موجود انتظامات کے ساتھ سی آئی ڈی میں بھی ایس پی درجے کے ایک آفیسر کی نگرانی میں منشیات سیل قائم کیا گیاہے۔ وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے یہ بات آج ریاستی اسمبلی کو بتائی۔ بی جے پی کے اپچو رنجن کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بنگلور، منگلور اور بلگاوی میں ایک پولیس سب انسپکٹر کی نگرانی میں منشیات کا شعبہ کام کررہا ہے۔ ریاست میں منشیات کے استعمال کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بنگلور ، بلگاوی ، منگلور اور کورگ میں یہ صورتحال انتہائی خطرناک شکل اختیار کرگئی ہے، اس پر قابو پانے کیلئے محکمۂ پولیس کو سخت ہدایت دی گئی ہے۔ بنگلور سمیت اہم شہروں میں تعلیمی اداروں کے آس پاس منشیات کی فروخت اور منشیات کے تاجروں کے جال میں طلبا کے پھنس جانے کے واقعات محکمہ کے علم میں آئے ہیں ، اسی لئے تعلیمی اداروں کے پاس حفاظتی انتظامات سخت ترین کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ منشیات کا پتہ لگانے کیلئے محکمۂ پولیس کے تمام شعبوں کے افسران کو ڈرگ ڈٹیکشن کٹ مہیا کرائی گئی ہے۔ باروں اور ہوٹلوں میں جہاں نجی پارٹیاں منعقد کی جاتی ہیں ، اگر ان میں منشیات کا استعمال ہواتو اس کا بھی پتہ لگانے اور ہوٹل مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریاست بھر میں نئے پولیس تھانوں کی شروعات کیلئے بڑھتی ہوئی مانگ کے متعلق ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر پرمیشور نے بتایاکہ قومی پولیس کمیشن کے ضوابط کے مطابق نئے پولیس تھانے کے قیام کیلئے چند معیارات طے کئے گئے ہیں۔ کسی بھی علاقہ میں اگر تین سو سے زائد جرائم کے واقعات پیش آ رہے ہیں اور آبادی پچاس تا ساٹھ ہزار ہے ، علاقہ کا رقبہ 150 مربع کلومیٹر ہے تو وہاں پولیس تھانہ قائم کیا جائے گا۔ ان سفارشات کے دائرہ میں جو علاقے نہیں آتے وہاں نیا پولیس تھانہ قائم نہیں کیا جاسکتا۔ اس مرحلے میں اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے کہاکہ جہاں بھی ضرورت پڑے ، نظم وضبط کی نگرانی کیلئے حکومت پولیس تھانے قائم کرے ۔وزیر اعلیٰ سدرامیا نے اس موقع پر مداخلت کرتے ہوئے کہاکہ جہاں آبادی میں اضافہ ہورہا ہے جرائم کے واقعات میں بھی اضافہ ہوتاجارہاہے۔ کسی کے بس میں یہ بات نہیں ہے کہ جرائم سے پاک معاشرہ قائم کرسکے، لیکن اس پر کنٹرول ضرور کیا جاسکتا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر پرمیشور نے بتایاکہ بڑدی کے قریب فائر فورس اسٹیشن کی فراہمی کیلئے حکومت اگر مناسب زمین کی نشاندہی کرے تو محکمۂ فائر فورس اسٹیشن قائم کرنے کیلئے تیار ہے۔


Share: